بالی وڈ فلم انڈسٹری میں 2007 کی فلم ‘دھوکا’ سے ڈیبیو کرنے والے اداکار و ماڈل مزمل ابراہیم نے اداکارہ و ہدایت کار پوجا بھٹ کے رویے کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کر ڈالے۔
اداکار مزمل ابراہیم نے حال ہی میں بھارت کے معروف پوڈکاسٹر سدھارتھ کنن کے پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی پرسنل لائف اور پروفیشل فرنٹ کے مختلف پہلوؤں پر مداحوں سے کھل کر بات کی۔
تاہم انٹرویو سے مزمل کی جانب سے اداکارہ و فلمساز پوجا بھٹ کی جانب سے ان کے ساتھ کی جانے والی بدتمیزی اور اس کے بعد انہیں ہونے والے ڈپریشن کے مسائل پر کی جانے والی گفتگو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
اپنے انٹرویو میں اداکار مزمل ابراہیم کا دعویٰ ہے کہ فلمساز پوجا بھٹ نے ان کے ساتھ سیٹ پر بدتمیزی کی جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوئے تھے۔
اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے مزمل ابراہیم نےمداحوں سے انکشاف کیا کہ ‘سیٹ پر پوجا بھٹ کا مزاج بہت سخت اور اداکاروں کے لیے نامناسب تھا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘پوجا کے والد مہیش بھٹ مجھے بہت پسند کرتے تھے لیکن پوجا نے میرے بارے میں بہت سی باتیں کہیں جن کے حوالے سے میں تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا میں آج بھی پوجا کا بہت احترام کرتا تھا لیکن اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ وہ انتہائی بدتمیز خاتون ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں فلم دھوکا کی شوٹنگ کے دوران عذاب سے گزرا ہوں پوجا کے رویے کی وجہ سے میں ڈپریشن میں چلا گیا تھا مجھے ڈراؤنے خواب آتے تھے اور میں ہر صبح اللہ سے دعا کرتا تھا کہ مجھے پوچا سے بچالے‘۔
مزمل نے یہ بھی بتایا کہ مہیش بھٹ کو فلم ‘دھوکا’ کے سیٹ پر ان کے اور پوجا بھٹ کے تناؤ کا علم تھا لیکن وہ زیادہ کچھ نہیں کر سکے انہوں نے مزید کہا کہ وہ پوجا سے کہتے تھے کہ مزمل کے ساتھ ایسا سلوک نہ کریں لیکن جب وہ آس پاس نہیں ہوتے تھے توپوجا بدتمیزی کرتی تھیں۔
مزمل نے مزید کہا کہ ‘یہی وجہ ہے کہ میں پوجا بھٹ اور مہیش بھٹ کے ساتھ دوبارہ کام کرنے سے ڈر گیا تھا حالانکہ مہیش سر فلم ‘راز 2’ میں مجھے کاسٹ کرنے کے بہت خواہشمند تھے یہاں تک کہ سونی رازدان نے بھی مجھے اپنی فلموں میں کام کرنے کے لیے قائل کیا لیکن میں نے ان سب کو انکار کر دیا‘۔
مزمل نے بتایا کہ فلم کے بعد پوجا بھٹ نے میڈیا میں انہیں غلط ناموں سے پکارا اور کہا کہ ان کا ایٹیٹیوڈ نان پروفیشنل تھا لیکن انہوں نے اس پر ردعمل ظاہر نہ کرنے کا انتخاب کیا کیونکہ انہیں انڈسٹری کی طرف سے بائیکاٹ کا خدشہ تھا۔
واضح رہے کہ اداکار مزمل ابراہیم کو سانگ ‘پردیسیا’ کے ریمکس ورژن میں اداکاری کے لیے جانا جاتا ہے سانگ میں ان کے ہمراہ راکھی ساونت بھی شامل تھیں۔