کینسر سے جنگ لڑنے والی اداکارہ، ماڈل و ہدایت کارہ انجلین ملک نے دعائیں اور نیک خواہشات کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعاؤں سے فرق پڑتا ہے۔
انجلین ملک نے انسٹاگرام پر اپنی نئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق نئی تفصیلات فراہم کیں۔
اداکارہ و ماڈل کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں انہیں اچھی صحت میں دیکھا جا سکتا ہے۔
انجلین ملک نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آج وہ جہاں اور جیسی بھی ہیں، مداحوں اور چاہنے والی دعاؤں کی وجہ سے ہیں۔
انہوں نے لکھاکہ دعاؤں سے فرق پڑتا ہے اور دعاؤں کی وجہ سے چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔
انجلین ملک نے لکھا کہ جب انہوں نے کینسر کے خلاف جنگ شروع کی تھی، تب وہ تنہا اور مایوسی کا شکار تھیں، وہ خوف، غیر یقینی اور اضطراب میں مبتلا تھیں لیکن آج ایسا نہیں۔
انہوں نے لکھا کہ کینسر کے علاج کے دوران کچھ ناقابل یقین چیزیں ہوئیں، معجزےہوئے، وہ بہتر ہونے لگیں، وہ بہتر ہیں اور دعاؤں نے اثر دکھایا، وہ دعائیں کرنے پر مداحوں اور چاہنے والوں کی مشکور ہیں۔
انجلین ملک نے لکھا کہ کینسر کے علاج کے دوران جب وہ خوف اور بے یقینی میں مبتلا تھیں، تب انہیں چاہنے والوں کی دعاؤں نے گھیرا، انہیں دعاؤں نے آگے بڑھنے کی طاقت دی۔
انہوں نے کینسر کے خلاف جنگ کو ذاتی جنگ قرار دینے کے بجائے مداحوں اور چاہنے والوں کی مشترکہ جنگ بھی قرار دیا اور لکھا کہ دعاؤں سے فرق پڑتا ہے، انہیں فرق پڑا، دعائیں فرق کرتی ہیں، وہ معجزہ کرتی ہیں۔
انجلین ملک نے دعائیں کرنے پر تمام مداحوں اور چاہنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اگرچہ انجلین ملک کی پوسٹ سے ان کے حوصلوں کا علم ہوتا ہے، تاہم انہوں نے بیماری سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں دی۔
انجلین ملک کی کیموتھراپیز جاری ہیں، مئی کے اختتام پر انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی 6 کیموتھراپیز مکمل ہوگئیں۔
انجلین ملک نے فروری میں اپنی جیولری کلیکشن متعارف کراتے ہوئے سر کے بالوں کے بغیر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
بعد ازاں اداکارہ کو سر کے بالوں کے بغیر ہی فیشن شو میں کیٹ واک کرتے بھی دیکھا گیا۔
انہوں نے مارچ کے اختتام پر بتایا تھا کہ علاج کے سلسلے میں ہی ان کی سرجری کردی گئی۔
مارچ میں انجلین ملک نے بتایا تھا کہ ان کی کیموتھراپی شروع ہوچکی ہے اور 28 مئی کو انہوں نے بتایا کہ ان کی کیموتھراپی کے 6 سیشن مکمل ہوچکے۔