تازہ تر ین

اگلی جنگ ہوئی تو ٹرمپ کے پاس روکنے کا وقت نہیں ہوگا — بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ اگلی بارپاکستان اوربھارت میں جنگ ہوئی تو ٹرمپ کے پاس مداخلت کرکے رکوانے کا وقت نہیں ہوگا۔

واشنگٹن میں مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹوز رداری نےکہا کہ بھارت بلوچستان میں مداخلت کرتا ہے، بی ایل اے اور  ٹی ٹی پی کوسپورٹ کرتا ہے،کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر دہشت گردی کے بعد ہم بھارت سے جنگ کریں، ہم امن چاہتے ہیں جو پاکستان اور بھارت دونوں کے حق میں ہے۔

بلاول بھٹوز رداری نےکہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر ہم مستحکم امن حاصل نہیں کرسکتے، ہمیں کشمیر پر بات کرنا ہوگی، ہمیں پانی پر بات کرنا ہوگی، بھارت کا پاکستان کا پانی روکنا جنگی اقدام ہوگا، چھوٹا بڑا کوئی بھی ملک ہوپانی اور اپنی بقا کے لیے لڑےگا، بھارت کو اگر پاکستان کا پانی روکنے دیا گیا تو اس کا مطلب ہےکہ کوئی بھی اپر ریپیرین ملک تنازع پر دوسرے ملک کا پانی روکےگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ  بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کے برخلاف پاکستان کے 24 کروڑ  افراد کے پانی کے حق پر حملہ کر رہا ہے، بھارتی حکومت آنے والی نسلوں کو  پانی پر جنگوں پر مجبور کر رہی ہے،بھارت کا مؤقف تھا کہ مقبوضہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے، اب امریکی صدر  نےکہا کہ کشمیر عالمی تنازع ہے، پانچ دن کی جنگ کا نتیجہ ہے کہ اب بھارتی بھی کہتے ہیں کہ کشمیر دوطرفہ تنازع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان سے ہزاروں مسائل ہوں گے لیکن مذاکرات سے انکار پر مسائل رہیں گے، پہلگام واقعے میں پاکستان کا بالکل کوئی کردار نہیں، پاکستان نے بھارت کو  غیرجانبدارانہ عالمی انکوائری کی پیشکش کی، پاکستان کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا سامنا ہے، اس سال پاکستان میں جتنے دہشت گردی کے حملے ہو رہے ہیں اگر ہوتے رہے تو یہ سب سے زیادہ خونی سال ہوگا۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain