تازہ تر ین

آسان خدمت مرکز منصوبے کیلئے خدمات پیش کرنے پر آذربائیجان کا مشکور ہوں، وزیراعظم

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز قائم کرنے کے لیے خدمات پیش کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے اسٹیٹ ایجینسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویسشن (ایس اے پی ایس ایس آئی) آذربائیجان کے چیئرمین علووی مہدییو نے ملاقات کی اور اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں ایس اے پی ایس ایس آئی کے اشتراک سے آسان خدمت مرکز قائم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اپنے دورہ آذربائیجان کے دوران باکو میں آسان خدمت مرکز کا دورہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد میں اسی طرز پر آسان خدمت مرکز قائم کرنے اور اس حوالے سے آذربائیجان سے تعاون حاصل کرنے کی ہدایت کی تھی اور اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آج دوستی کا نیا سنگ میل طے ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسان خدمت مرکز کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو کئی محکموں کی سروسز ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی شہریوں کی خدمت پر مبنی یہ سروس سینٹر شہری سہولیات میں ایک انقلابی قدم ہوگا، آسان خدمت مرکز کے لیے شفاف اور میرٹ پر تعیناتیاں کی جائیں۔

وزیراعظم نے بزنس سہولت مرکز اور آسان خدمت مرکز کو ضم کرنے کے حوالے سے بھی حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ آسان خدمت مرکز حکومت کی کیش لیس معیشت پالیسی کو آگے لے جانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں آسان خدمت مراکز کا دائرہ کار مزید شہروں میں بھی پھیلایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس منصوبے کے لئے اپنی خدمات پیش کیں اور ماہرانہ رائے اور نگرانی مہیا کیں۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

اسٹیٹ ایجینسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویسشن آذربائیجان اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے درمیان اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کے حوالے سے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے اور وزیر اعظم بھی تقریب میں موجود تھے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain