آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو 125 رنز سے ہرا کر پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
گوہاٹی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں کپتان لاؤرا ویل ورڈٹ کی 169 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت جنوبی افریقا نے 7 وکٹوں پر 319 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی اوپنرز نے سیمی فائنل کی شاندار شروعات کی ، کپتان لاورا ویل ورڈٹ اور تیزمین برٹس نے 116 رنز کی بنیاد رکھی ۔ پھر 3 رنز کے اضافے سے 3 وکٹیں گر گئیں ۔
تیزمین برٹس 45، ماریزانے نے 42 اور کلوئی ٹریون نے 33 رنز اسکور کیے۔
جنوبی افریقا نے لاؤرا ویل ورڈٹ کی 169 رنز کی بدولت انگلینڈ کو 320 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں انگلینڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا ۔ ابتدائی 3 بیٹرز کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئیں۔ پھر کپتان نیٹ برنٹ اور الیس کیپسی نے 107 رنز کی شراکت لگائی۔
تاہم نیٹ برنٹ 64 اور الیس 50 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں جس کے بعد پھر کوئی بہتر پارٹنر شپ نہ لگ سکی اور پوری انگلش ٹیم 43 ویں اوور میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ماریزانے نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یوں جنوبی افریقا نے 125 رنز کی فتح کے ساتھ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنا لی۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔






































