پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک اور گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے ایک منٹ میں 10 کلوگرام وزن اٹھا کر ایک ہاتھ سے 38 فل ایکسٹینشن پنچز مارے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس چیلنج کے لیے 30 پنچز کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم عرفان محسود نے مقررہ حد سے 8 پنچز زیادہ لگا کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔ یہ کارنامہ 19 مارچ 2026 کو ڈیرہ اسماعیل خان میں انجام دیا گیا۔
عرفان محسود اس سے قبل بھی متعدد عالمی ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔ تازہ کامیابی کے بعد ان کے بین الاقوامی سطح پر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی تعداد تقریباً 70 تک پہنچ گئی ہے۔ ان کے ریکارڈز میں پش اپس، اسکواٹس، جمپنگ جیکس، اسٹیپ اپس، نی اسٹرائکس اور ایلبو اسٹرائکس سمیت مختلف طاقت اور فٹنس کیٹیگریز شامل ہیں۔
عرفان محسود نے مختلف وزن اٹھا کر بھی ریکارڈ قائم کیے ہیں، جن میں 40، 60، 80 اور 100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ کیے گئے چیلنجز شامل ہیں۔ ان کے مطابق وہ امریکہ، برطانیہ، بھارت، چین اور جرمنی سمیت تقریباً 20 ممالک کے کھلاڑیوں کے ریکارڈز توڑ یا بہتر کر چکے ہیں۔
ان کی کامیابی کا اثر ان کے شاگردوں تک بھی پہنچا ہے، اور تقریباً 20 شاگرد بھی گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈرز بن چکے ہیں۔
یہ نیا عالمی ریکارڈ پاکستان کے مارشل آرٹس اور اسپورٹس کے میدان میں ایک اور نمایاں کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

