اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی سابقہ اہلیہ جمائما خان سے حاصل کردہ رقم کی منی ٹریل سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے نااہلی کیس میں اپنے موقف کو درست ثابت کرنے کیلئے اپنی سابقہ اہلیہ جمائما خان کی جانب سے ملنے والی رقم کی منی ٹریل اور بنی گالہ اراضی سے وصول رقم کی ٹریل سپریم کورٹ میں پیش کردی ۔ عمران خان کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ جمائما خان نے 22جون 2003کو 1لاکھ ڈالر بھجوائے جبکہ 2لاکھ 5ہزار 678ڈالرز راشد خان کو بھجوائے گئے تاہم انکے بینک اکانٹس ، لیٹرز اور ہدایات منظر عام پر نہیں لائی جا سکتی ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جمائما کے اکانٹس کی تفصیلات صرف عدالت کیلئے ہیں جن سے جمائما کی جانب سے بینک اکانٹ سے بھجوائی گئی رقم ثابت ہوتی ہے۔عمران خان نے جمائما خان کے لیگزن برگ بینک کے لیٹرز بھی درخواست کے ساتھ لف کیے ہیں۔ بنی گالہ اراضی کی خریداری کے حوالے سے عمران خان کی منی ٹریل کی تفصیلات جمع کرا دی گئی ہیں ۔ جمائما خان کی جانب سے وصول کردہ رقم کی ٹریل بھی جمع کرا دی گئی ہے ، جمائما خان نے ٹریل کے ساتھ لیگزن برگ بینک کے تمام خطوط بھی ساتھ لف کئے ہیں ۔ جمائما خان نے درخواست کی ہے کہ عمران خان کے حوالے سے کوائف کی تفصیلات منظر عام پر نہ لائی جائیں۔