پاکستانی انٹرٹینمنٹ کمنٹیٹر ڈاکٹر اعجاز واریس کو بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی ظاہری شکل و صورت پر تبصرہ کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف نے گزشتہ سال نومبر میں شوہر وکی کوشل کے ہمراہ بیٹے کو جنم دیا تھا۔ 14 ستمبر کو وہ ممبئی میں امبانی خاندان کی گنیش چترتھی تقریب میں وکی کوشل کے ساتھ نظر آئیں، جس کے بعد ان کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
اسی دوران ڈاکٹر اعجاز واریس نے ایک ویڈیو میں کترینہ کیف کے بدلتے ہوئے حلیے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اچانک وکی کوشل کی والدہ جیسی لگ رہی ہیں اور ان کی عمر زیادہ دکھائی دے رہی ہے۔ ان کے تبصروں پر سوشل میڈیا صارفین نے اعتراض کرتے ہوئے اسے باڈی شیمنگ اور ظاہری شکل پر غیر ضروری تنقید قرار دیا۔
کئی صارفین نے کترینہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ عمر بڑھنا ایک فطری عمل ہے اور کسی خاتون کے جسم یا عمر کو مذاق کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ ایک صارف نے ڈاکٹر اعجاز واریس کو جواب دیتے ہوئے لکھا: "آپ کے گھر میں شیشہ نہیں ہے؟”
اس معاملے پر گلوکار علی ظفر نے بھی کسی کا نام لیے بغیر ظاہری شکل کی بنیاد پر دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانے پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مہربانی، ہمدردی اور سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیونکہ ہر شخص اپنی زندگی میں مختلف حالات سے گزر رہا ہوتا ہے۔
یہ تنازع اب سوشل میڈیا پر کترینہ کیف کے حوالے سے جاری بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔

