سکھر (نیوز ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام سے بھاری ٹیکسوصول کرکے حکومت اپنی کرپشن، نااہلی اور شاہانہ اخراجات کا بوجھ غریبوں پر منتقل کررہی ہے ، پٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے،ایک لیٹر پٹرول پر 135 روپے ٹیکس وصول کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، مہنگائی سے پسے عوام کا پیسہ حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد مارچ میں ملک کے چاروں اطراف سے عوام شریک ہوں گے۔حکومت راستے بند کرکے لوگوں کو نہیں روک سکتی۔ اسلام آباد کو کنٹینرز سے بند کرکے حکومت عوام اور معیشت دونوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کنٹینر نہ لگاؤ، عوام کو ریلیف دو۔ شہروں کو بند نہ کرو، انسانوں کی شاہراہیں، معیشت کی شاہراہیں، تعلیم اور روزگار کی شاہراہیں کھولو۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرولیم لیوی عوام پر بھتہ ٹیکس ہے۔ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو اس کا اثر پوری دنیا پر پڑتا ہے، مگر پاکستان میں حکومت اضافی ٹیکسوں کے ذریعے سارا بوجھ عوام پر ڈال دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کا عالمی مارکیٹ کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، اس لیے حکومت اسے ختم کرے تاکہ کرائے اور روزمرہ استعمال کی اشیا سستی ہوسکیں۔ جماعت اسلامی کی تحریک کا واحد مطالبہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ اور عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایف بی آر کے عملے کی کرپشن 1٫300 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ حکومتی اخراجات بھی کم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ حکمرانوں کے پاس 11 ارب روپے مالیت کے جہاز ہیں، دوسری جانب غریب اور متوسط طبقہ مہنگائی تلے دب رہا ہے۔جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے اور عوام بڑی تعداد میں اس کا ساتھ دے رہے ہیں۔ شدید گرمی اور حبس کے باوجود کارکن اکانومی کلاس میں سفر کر رہے ہیں۔ ٹرین مارچ روہڑی پہنچ چکا ہے، جہاں سے قافلہ ملتان جائے گا اور پھر اسلام آباد کی جانب مارچ ہوگا۔حافظ نعیم الرحمن نے پیپلز پارٹی کے رویے پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ وہ وفاقی حکومت کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کی حمایت کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن مختلف مقامات پر جماعت اسلامی کے کارکنوں اور ٹرین مارچ کے استقبال کے لیے آنے والے لوگوں کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور ٹنڈو آدم میں کارکنوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سکھر اور روہڑی میں استقبال کے لیے آنے والے قافلوں کو پلیٹ فارم تک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی سے سوال کیا کہ اگر وہ وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کی حمایت کرتی ہے تو پھر رکاوٹیں کیوں کھڑی کی جا رہی ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرول کی قیمت اور مہنگائی پورے ملک کا مسئلہ ہے، انہوں نے پیپلز پارٹی پر زور دیا کہ رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے ٹرین مارچ کو سہولت فراہم کرے۔
حافظ نعیم
