لاہور، اسلام آباد، پشاور(ویب ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو بھی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کوشش کرے گا اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی نیت اور طبیعت خراب ہے، ٹھیک کردیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، جو بھی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کوشش کرے گا اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑیگا، ابھی بھی وقت ہے، بند گلی میں نہ جائیں، ایسے طرزعمل سے اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان نہ کرائیں،خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی صورتحال سب کے سامنے ہے، گزشتہ چند روز میں دہشت گردی کے واقعات میں کیپٹن، جوان اور پولیس اہلکار شہید ہوئے، جو پاکستان کے شہدا ء ہیں سب کو ان کے جنازوں میں شرکت کرنی چاہیے،خیبرپختونخوا میں شہدا ء کے جنازوں میں صوبائی حکومت کا کوئی رکن شریک نہیں ہوا، یہ بے حسی ہے،سیاسی اختلافات جتنے مرضی ہوں انہیں اس انتہا تک نہیں لے جانا چاہیے، صوبے کی صورتحال پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، نئے انتظامی یونٹس ،صوبوںکامعاملہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور امید ہے یہ ضرور بنیں گے تاہم یہ عوام کی منشا ء سے ہی بنیں گے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ لانگ مارچ کی صورت میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر من و عن عمل ہوگا اور جو بھی قانونی راستہ ہوگا استعمال کیا جائے گا۔ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی، کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا،اس بار ایسا نہیں ہوگا کہ لانگ مارچ آئے اور 10 یا 20 روز تک ملک بند رہے، حکومت بار بار اس طرح کی صورتحال کو برداشت نہیں کرسکتی،حکومت اس بار مستقل لائحہ عمل بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت میں اکثریت لانگ مارچ کی حامی نہیں، لانگ مارچ کرنے والوں کو خود بھی معلوم نہیں کہ ان کے مطالبات کیا ہیں، اوچھے ہتھکنڈوں اور بڑھکوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، حکومت قانون کے مطابق چلے گی، کسی کے کہنے پر نہیں۔اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اسلام آباد پر دھاوا بولنے والے اپنا نقصان اور لوگوں کا نقصان کرائیں گے،ابھی وقت ہے اس تنگ گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ بچے، اس طرح کے ڈراموں سے کوئی چیز حاصل نہیں ہوسکتی، اب یہ نہیں ہوگا کہ وہ لوگ آئیں گے اور ملک بند ہوجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کوچیک اپ کی سہولت پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہے اور رات کو بھی ان کا چیک اپ ہوا ہے،علاج اور چیک اپ کے لیے قانون کے مطابق ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغانستان دہشتگردوں کو جب تک نہیں روکے گا تعلقات معمول پر نہیں آئیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ رات ایک بجے پشاور میں جنازوں میں تھا، آپ کے سیاسی اختلافات جتنے مرضی ہوں لیکن اتنا اوپر کسی کوجاتے نہیں دیکھا، ایساکبھی نہیں ہواکہ جنازوں میں شرکت نہ کریں،یہ شہید نہ ہمارے شہید ہیں نہ ان کے شہید ہیں، یہ پاکستان کے شہید ہیں، پی ٹی آئی والے اتنے بے حس ہو گئے کہ ہنگو کے شہدا ء کے جناروں میں وزیراعلی خیبرپختونخوا اور نہ کوئی وزیر شریک ہوا۔ انہوںنے مزید کہا کہ خطے اور عالمی منڈی کی صورتحال کے باعث قیمتوں پر اثر پڑ رہا ہے، دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہو رہی ہے تاہم پاکستان میں سپلائی برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔وزیراعظم کی بھرپور کوشش ہے کہ پیٹرول کی قیمت نیچے لائی جائے، حکومت قیمت کم کرنے کے لیے دیگر راستے بھی تلاش کر رہی ہے۔ دنیامیں پیٹرول کی قیمت کہاں جارہی ہے،پتہ ہے، اگر پیٹرول کی قیمت اپنی جیب میں ڈال رہے ہوتے توپھر توبات کرتے، جس طرح دنیاکی صورتحال ہے علی پرویزملک صحیح کہہ رہے ہیں کہ1000پربھی پٹرول نہیں ملے گا، کل بھی پیٹرول بہت مشکل سے منگوایا ہے،بہت سے ممالک میں پیٹرول نہیں مل رہا، معیشت پر زیادہ نہیں بولنا چاہتا، عالمی مارکیٹ کے حساب سے پیٹرول کی قیمت بڑھتی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران روانہ ہوگئے، جہاں وہ ایرانی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی ایرانی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی معاملات بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ محسن نقوی اس سے قبل بھی ایران کے متعدد دورے کر چکے ہیں۔ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد چھپ کر وار کرتے ہیں، آج کوہاٹ کی فضا سوگوار ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اگر ڈیلیور نہیں کر سکتے تو گھر چلے جائیں۔کوہاٹ پولیس لائنز آمد پر میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ دھرتی کے بہادر جوانوں نے ملکی دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، فوج اور پولیس کے بہادر جوانوں اور افسران نے بہادری سے آپریشن میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد چھپ کر وار کرتے ہیں، ہم سب مل کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرکے دم لیں گے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلی کے پی سہیل آفریدی یہاں ہیلی کاپٹر پر 15 منٹ کے لیے آئے چکر لگایا اور چلے گئے، انہیں چاہیے تھا کہ یہاں آتے اور زخمیوں کو گلے لگاتے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کو ساڑھے 12 سال کا جواب دینا ہوگا، وسائل اور فنڈکی کمی نہیں نیت کی کمی ہے، اگر یہ کچھ نہیں کرسکتے تو کرسی سے اتر کیوں نہیں جاتے۔عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ کسی کو اسلام آباد کی طرف نہیں آنے دیں گے، پی ٹی آئی کو تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ کبھی پرامن نہیں رہے اور نہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ خیبر پختونخوا میں لوگوں کے لیے ترقی کا کام کریں، سارا فنڈ ان کی سیاسی جماعت کھا جاتی ہے، ان کی نیت بھی خراب ہے اور طبیعت بھی، ان کی طبیعت ٹھیک کردیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بتائیں لا اینڈ آرڈر کا فنڈ کدھر لگایا، ترقیاتی فنڈ کدھر لگایا، صوبائی حکومت بتائے گولڈ مائننگ کے ٹھیکے کسے دیے، کے پی کے پہاڑوں اور درختوں کو کاٹا جارہا ہے۔
وفاقی وزراء
