اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی)جاز نے ڈیجٹ اور یونیساک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پاکستان میں کم قیمت 5G ڈیوائسز متعارف کرائی جائیں گی۔اس شراکت داری میں جاز کا کنیکٹیویٹی ایکو سسٹم اور
وسیع مارکیٹ نیٹ ورک، ڈیجٹ (DIGIT) کی ڈیوائسز سے متعلق مہارت اور مقامی صارفین کی ضروریات کی سمجھ، جبکہ یونیساک کی سیمی کنڈکٹر ور 5Gپلیٹ فارم ٹیکنالوجی شامل ہوگی۔ شراکت داری کے پہلے مرحلے میں دو 5G ڈیوائسز متعارف کرائی جائیں گی، جن میں 5G MiFi اور یونیساک پلیٹ فارم سے چلنے والا 5G اسمارٹ فون شامل ہیں۔ان ڈیوائسز کا مقصد جدید ترین کنیکٹیویٹی کو زیادہ سے زیادہ صارفین کے لیے قابلِ رسائی بنانا ہے، تاکہ وہ مواصلات، تفریح، تعلیم، کام اور ڈیجیٹل خدمات کے لیے زیادہ تیز اور قابلِ اعتماد موبائل کنیکٹیویٹی سے فائدہ اٹھا سکیں۔ 5G MiFi کے ذریعے متعدد ڈیوائسز کو پورٹیبل تیز رفتار موبائل براڈ بینڈ فراہم کیا جائے گا، جبکہ اسمارٹ فون صارفین کو 5G ٹیکنالوجی تک رسائی کا ایک نسبتا کم قیمت راستہ فراہم کرے گا۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کنیکٹیویٹی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جہاں قابلِ اعتماد اور کم قیمت ڈیوائسز کی دستیابی 5G نیٹ ورک کی توسیع کو زیادہ سے زیادہ صارفین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔یہ شراکت داری 5G ایکو سسٹم کے مختلف شعبوں کے درمیان تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، جس میں نیٹ ورک کنیکٹیویٹی، ڈیوائسز میں جدت اور سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کو یکجا کرکے جدید ترین ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی تیز کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔جاز، ڈیجٹ اور یونیساک پاکستان کی مارکیٹ کے لیے 5G اسمارٹ فونز، موبائل براڈ بینڈ مصنوعات اور دیگر منسلک ڈیوائسز کے حوالے سے مزید مواقع کا بھی جائزہ لیں گے۔ان ڈیوائسز کی مارکیٹ میں دستیابی، قیمتوں اور فروخت کے چینلز سے متعلق تفصیلات الگ سے جاری کی جائیں گی۔
