چکوال (بیورو رپورٹ) بوچھال کلاں کا غائب ہونیوالا 15سالہ بچہ کاشان حیدر 23روز بعد بالآخر والدین کو مل گیا ،پولیس نے بچے کو بازیاب کرانے کی سر توڑ کوششیں کیں لیکن وہ بچے کا کوئی کھرا تلاش کرنے میں مسلسل ناکام چلی آ رہی تھی ،پنڈدادنخان کے سوڈھی گجر یونین کونسل کا سیکرٹری بچے کی بازیابی کا سبب بنا، بچہ گھر سے مدرسہ جاتے ہوئے غائب ہوا تھا اور روات پہنچ کر کلرسیداں کے قریب بننے والی سڑک پر کام کرنے والے ڈمپر مالک کے پاس پہنچا تو جو اسے اپنے آبائی گائوں سوڈھی لے آ یا اوراسکا نام تبدیل کرنے کے لئے گائوں کی یونین کونسل سے رجوع کیا ، سیکرٹری یونین کونسل کو سوشل میڈیا پر بچے کے اغواء ہونے اوراس کی تصویر سامنے آنے پر شک ہوا کہ یہ وہی بچہ ہے ، سیکرٹری یونین کونسل نے چوآ سیدن شاہ کے ایک دوست کے توسط سے بچے کی موجودگی کی اطلاع پولیس تک پہنچائی ، پولیس نے سوڈھی گجر پہنچ کر بچے کو بازیاب کر لیا ، بچے کے غائب ہونے پر اس کے والدین نے بچے کو اغواء کرنے کے سلسلہ میں گائوں کے ایک شخص پر شک کیا تھا حالانکہ بچہ از خود والدین یامدرسہ کے رویہ کیوجہ سے غائب ہوا تھا ، بچے کے خود غائب ہونے کی اصل وجہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے تا کہ دیگر والدین یا مدرسوں کو اپنا رویہ تبدیل کرنے میں مدد ملے سکے ۔
