راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)آل پاکستان ریلویز پنشنرز ایسوسی ایشن کے وفد نے قائم مقام صدر محمد خورشید اعوان ، نائب صدر محمد مقصود اور سیکرٹری جنرل اورنگزیب تنولی کی قیادت میں سی ای او پاکستان ریلویز اور ڈی جی ایم پاکستان ریلویز سے ملاقات کی، جس میں پنشنرز کو درپیش مختلف مسائل اور مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں nسید عبدالرزاق شاہ جیلانی، محمد حنیف اعوان، محبوب الہی اعوان، میاں سہیل انور، رانا نثار احمد، اکبر علی طاہر اور طارق محمود شامل تھے۔ملاقات کے دوران سیکرٹری جنرل اورنگزیب تنولی نے سی ای او پاکستان ریلویز کو گلدستہ پیش کیا، جب کہ کراچی سے آنے والے سید عبدالرزاق شاہ جیلانی نے سندھی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔ وفد کے دیگر عہدیداران نے بھی سی ای او پاکستان ریلویز کو ہار پہنائے۔بعد ازاں اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا، جس میں سی ای او پاکستان ریلویز نے پنشنرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پیش کیے گئے تمام ایجنڈا پوائنٹس کا ایک ایک کرکے تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر سی ای او نے پیش کیے گئے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے متعلقہ امور پر موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔اجلاس کے انعقاد اور انتظامات میں آل پاکستان ریلویز پنشنرز ایسوسی ایشن لاہور کے نائب صدر محمد مقصود، میاں سہیل انور، اکبر علی طاہر اور طارق محمود نے اہم کردار ادا کیا۔ ایسوسی ایشن کے رہنماں نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر قیادت کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر سندھ سے آئے ہوئے سید عبدالرزاق شاہ جیلانی اور رانا نثار احمد نے آل پاکستان ریلویز پنشنرز ایسوسی ایشن کے مرکزی قائدین کو اپنی جانب سے تحائف بھی پیش کیے، جس پر مرکزی قیادت نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ایسوسی ایشن کے رہنماں نے سی ای او پاکستان ریلویز، ڈی جی ایم پاکستان ریلویز اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنشنرز کے مسائل کو توجہ اور ہمدردی سے سنا اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کے بعد مرکزی قائدین کی جانب سے آل پاکستان ریلویز پنشنرز ایسوسی ایشن کے مرکزی قائدین کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
