تہران ، واشنگٹن ( نیوز ایجنسیاں) پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ ایران پر زمینی حملہ امریکی فوج
کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ پاسدارانِ انقلاب کی نیول فورس نے آبنائے ہرمز میں بدھ کی صبح ایک کنٹینر بردار بحری جہاز کے سمندر برد ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔امریکی ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کیخلاف فوجی آپریشن پر ٹرمپ اور نیتن یاہو میں بات چیت ہوئی ہے،تاہم وائٹ ہائوس نے اس کی تردید کردی ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے ایران پر زمینی حملے کی قیاس آرائیوں پر ایرانی پاسداران انقلاب فورس کے کمانڈر انچیف کے مشیر اعلیٰ بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران پر زمینی حملے کی جرات نہیں کرے گا۔ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب فورس کے کمانڈر انچیف کے مشیرِ اعلی بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ امریکی فوج کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا، زمینی حملے کی باتیں امریکی میڈیا کا پروپیگنڈا ہیں، امریکا نتائج جانتا ہے، اس لیے ایسے اقدام سے گریز کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حملے کی صورت میں بڑی تعداد میں امریکی فوجی گرفتار ہو سکتے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اردن میں ایک حملے کے دوران 200 امریکی ہلاک ہوئے۔دریں اثناء پاسدارانِ انقلاب کی نیول فورس نے آبنائے ہرمز میں بدھ کی صبح ایک کنٹینر بردار بحری جہاز کے سمندر برد ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز غیر مجاز اور خطرناک راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ جہاز تقریبا ڈھائی ہزار کنٹینرز سے لدا ہوا تھا۔ تاہم جہاز کی شناخت، اس پر موجود سامان کی نوعیت یا واقعے میں کسی جانی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق جہاز پر 2,500 سے زائد کنٹینرز موجود تھے۔ جاری کردہ تصاویر میں جہاز سے اٹھتا سیاہ دھواں اور سمندر میں تیرتے کنٹینرز دکھائی دیتے ہیں۔ادھر آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر سدر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔آبنائے ہرمز میں دو مال بردار کنٹینر جہاز نامعلوم پروجیکٹائل کی زد میں آگئے جس کے بعد خطے میں تجارتی جہاز رانی کی سلامتی سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق دونوں واقعات کی اطلاعات تاخیر سے موصول ہوئیں۔ پہلے واقعے میں 50 ہزار ٹن اور دوسرے واقعے میں 19 ہزار ٹن وزنی کنٹینر سے نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرایا۔ان دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جہاز کو معمولی نقصان پہنچا ہے جس کے بعد دونوں جہازوں نے اپنی منزل کی جانب سفر کو جاری رکھا۔اس سے قبل ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے ایک اعلیٰ کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمایی نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکی جنگی جہاز آبنائے ہرمز کے قریب آئے تو انہیں ڈبو دیا جائے گا۔ ایرانی حکام نے اس اہم بحری گزرگاہ پر کنٹرول کے معاملے میں امریکا کو براہِ راست چیلنج بھی کیا ہے۔علی عظمایی نے امریکا کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے یا بند، تو اسے عملی طور پر وہاں آکر دیکھنا چاہیے کہ کنٹرول کس کے پاس ہے۔دریں اثناء ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے متعلق عارضی معاہدے پر عمل درآمد کے قریب پہنچ گئے ہیں، جبکہ تجارتی جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنانے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسماعیل بقائی نے ایک بیان میں کہا کہ مجوزہ عارضی مفاہمت کو آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے، اس اہم بحری گزرگاہ میں جہازوں کی محفوظ آمدورفت کیلئے ایران اور عمان باہمی مشاورت کے ذریعے قابلِ عمل انتظامات وضع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔دوسری جانب امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی آپریشن پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو میں بات چیت ہوئی ہے۔ مجوزہ کارروائی میں ایران کے فوجی اور جوہری اہداف کو نشانہ بنانے پر بات ہوئی۔رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اسرائیلی انٹیلی جنس کی اطلاعات پر تشویش ظاہر کی۔ایگزیوس کے مطابق امریکی صدر نے ایران پر دوبارہ حملوں کے معاملے پر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور سینٹرل کمانڈ کے بعض عہدیدار ایران پر دوبارہ حملوں کے حامی ہیں، صدر ٹرمپ کے کئی مشیر فی الحال معاشی پابندیاں جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔ وائٹ ہائو س نے ایگزیوس کی رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ نہ کرنے کا موقف دے چکے ہیں۔قبل ازیں امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹ کام) نے آبنائے ہرمز پر کنٹرول سے متعلق ایران کے دعوے کو مسترد کر دیا۔سینٹ کام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے پاس کوئی بحریہ نہیں۔سینٹ کام کا کہنا ہے کہ امریکی افواج اور علاقائی اتحادی آبنائے ہرمز پر واضح کنٹرول رکھتے ہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی افواج نے پیر کے روز خلیجی شراکت داروں کو اس اہم بحری گزرگاہ سے ایک کروڑ 90 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل کی ترسیل میں معاونت فراہم کی۔
ایران
بریکنگ نیوز
- خیبر پختونخوا میں 30 ڈاکٹرز برطرف، 6 افغان ڈاکٹرز کو فوری پاکستان چھوڑنے کا حکم
- اسلام آباد: بلوچستان بار کونسل کا وفد چیف جسٹس آف آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان سے ملاقات کر رہا ہے۔
- ہندو برادری کا مذہبی تہوار نوراتری جوش و خروش سے جاری
- کراچی، پولیس اہلکار بن کر غیرملکی مہمانوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار
- مالیاتی فراڈ کی سکیموں کے خلاف ایس ای سی پی کا نیا یونٹ قائم
- بلدیاتی الکیشن امیدواروں نے انتخابی مہم شروع کر دی افسروں عملے کی تربیت
- دیر میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ
- شادی پر جانے والا خاندان لٹ گیا، گھر سے ایک کروڑ کا سامان چوری
- کالے بچھوؤں کی فروخت کے 24 ارب روپے بینکوں میں پھنس گئے
- آئی جی پنجاب عبدالکریم 54 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت افسران سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے ہیں۔
- لاہور:دکاندار نے ایل پی جی گیس سلنڈر فروخت کیلئے رکھے ہوئے ہیں۔
- سعودی عرب ، توہینِ مذہب کے الزام میں گرفتار سری لنکن شہری کی سزائے موت منسوخ
- جرمنی، لڑکی کو ہراساں کرنے والےروبوٹ کو پولیس نے تحویل میں لے لیا
- نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان نے اپنا نیا لوگو متعارف کرا دیا
- آئی جی پنجاب سے کامن ٹریننگ پروگرام کے زیرتربیت 6افسران کی ملاقات
- پاکستان ،روس کا مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ
- سیہون ہسپتال کے وارڈ میں سانپ داخل، مریضوں میں خوف و ہراس
- جاپان میں پاکستانیوں کیلئے ای پاسپورٹ سروس کا آغاز آج سے ہو گا
- دنیا بھر میں خوراک کا عالمی د ن کل منایا جائے گا
- لاہور:دی نالج آف آرٹ اکیڈمی کے زیراہتمام خواتین خطاطی نمائش دیکھ رہی ہیں۔
