پشاور’ کراچی(آئی این پی ) خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا اور دیر لوئر کے شہری علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی ہلکی برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔دیر بالا کے علاقے وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈ گواہی اور لواری ٹاپ پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔بارش اور برفباری کے باعث سردی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا جبکہ شہریوں نے گرم ملبوسات کی استعمال شروع کر دیا۔دوسری جانب کراچی میں گرمی کی شدت برقرار ہے،سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث شہر میں حبس کی کیفیت ہے اور گرمی زیادہ محسوس کی جارہی ہے،صبح سویرے بھی شہریوں کو گرم موسم کا سامنا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکا موجودہ درجہ حرارت 27ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا ہے،تاہم یہ 30ڈگری سینٹی گریڈ محسوس ہورہا ہے،دن کے دوران درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔شہرمیں ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ہے،جبکہ ہوائیں 8 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کیمطابق کراچی میں دن بھر موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،بارش کی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی۔
