کراچی(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما وسابق سیکریٹری جنرل نفیس احمد صدیقی پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے کراچی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کے دورہ کراچی کے اختتام پر پیپلز پارٹی کی ایک اور وکٹ لے اڑے۔ طویل عرصے سے سائیڈ لائن کئے گئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما وسابق سیکریٹری جنرل نفیس احمد صدیقی تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے عارف علوی کی رہائش گاہ پر چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس سے قبل ان کے پی ٹی آئی میں سارے معاملات طے پاچکے تھے۔اس سے قبل نفیس صدیقی نے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ پی پی پی نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی پالیسی کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے۔ ملکی معیشت اس جگہ پہنچ گئی ہے کہ بہتری کی گنجائش نہیں اس کی بہتری کےلئے دوا?ں کی نہیں سرجری کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل افطار پارٹی میں گفتگو کرتے ہوئے نفیس صدیقی کا کہنا تھا کہ میں پیپلز پارٹی میں ہوں لیکن گزشتہ 8 سال سے پیپلز پارٹی کی قیادت نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا جس کے باوجود میرا یہ بھی آپشن ہے کہ میں پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے فعال ہوں جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے آپشنز بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت سے رابطے ہیں۔ عیدالفطر کے بعد حتمی فیصلہ کروں گا۔ نفیس صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔