کراچی (خصوصی رپورٹ) سینٹرل جیل کراچی میں رات گئے رینجرز،پولیس اورایف سی نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا،جس میں قیدیوں کی تلاشی کے دوران اسلحے سمیت ، بڑی تعداد میں موبائل فونز، ٹی وی، ایل سی ڈیز، ٹیپ ریکارڈر، نقدی سمیت دیگر ممنوعہ اشیا برآمد کر لی گئیں ۔جیل پولیس کے مطابق سینٹرل جیل میں ہونے والا آپریشن گئی گھنٹوں تک جاری رہا اور اس میں کالعدم تنظیم، لیاری گینگ وار اور خطرناک قیدیوں سمیت تمام بیرکس کی تلاشی لی گئی ۔جیل پولیس کے مطابق سینٹرل جیل آپریشن میں سیکڑوں موبائل فونز، ٹی وی، ایل سی ڈیز، ٹیپ ریکارڈر، ائیر کولرز، چھری، پلاس، قینچی اور نقدی سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک قیدی سے سات لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ ممنوعہ اشیا کی جیل میں موجودگی پر ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ سینٹرل جیل میں کالعدم تنظیم کے قیدیوں سے ملاقات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔۔ آپریشن کے دوران قیدوں کو بیرکس سے نکلنے پر پابندی تھی۔سرچ آپریشن کے دوران ایف سی اوررینجرز نے جیل میں قید 7 ہزار قیدیوں کی جامہ تلاشی لی جس کے دوران سیاسی جماعتوں، کالعدم تنظیموں اور لیاری گینگ وار ملزموں کے قبضے سے35 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے بیرک سے 12، ایم کیو ایم کے بیرک سے 70 اور گینگ وار ملزمان کے بیرک سے 100 اسمارٹ فونز بھی پکڑے گئے ہیں۔ایف سی اور رینجرز نے اس کارروائی کے دوران مختلف بیرکس سے فریج ، ڈیپ فریزر اور فرنیچر کے علاوہ درجنوں ٹی وی بھی برآمد کئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف ایک بیرک سے 30 ٹی وی برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے بیرک سے قیدیوں کا کچا راشن اور گیس سلنڈرزبھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔