نیویارک (این این آئی)ٹک ٹاک نے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک پر بنائی گئی دستاویزی فلم مسک کی تشہیر کرنے والے اشتہاری اکائونٹ کو مستقل طور پر معطل کر دیا۔امریکی جریدے کے مطابق ٹک ٹاک نے اشتہاری اکائونٹ کو سیاسی مواد سے متعلق اپنی پالیسیوں کی بار بار خلاف ورزی کا حوالہ دینے کے بعد معطل کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق فلم کی ڈسٹری بیوٹر کمپنی کو جمعے کی سہ پہر مطلع کیا گیا تھا کہ اس کا اشتہاری اکانٹ مستقل طور پر معطل کیا جا رہا ہے، جس کے بعد کمپنی نہ تو اشتہارات خرید سکے گی اور نہ ہی فلم سے متعلق مواد کی تشہیر کے لیے رقم خرچ کر سکے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک پر دستاویزی فلم کا معمول کا، غیر معاوضہ شدہ اکانٹ بدستور فعال ہے، تاہم ڈسٹری بیوٹر کمپنی اب اشتہارات خریدنے یا اپنی پوسٹس کی رسائی بڑھانے کے لیے ادائیگی کرنے سے قاصر ہے۔

