پشاور(نیوز ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ 10 روز میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا،ادھر خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے متفقہ اعلامیے میں مذاکراتی عمل میں علی امین گنڈاپور کو نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ محمود اچکزئی بانی پی ٹی آئی کے مقرر کردہ قائدحزب اختلاف ہیں، لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے، وزیراعلیٰ اور اسپیکر کو لاپتا کیا گیا، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو اٹھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی سے متعلق غلط بیانیہ بنایا گیا، مذاکرات کو جان بوجھ کر ناکام بنایا گیا۔سلمان اکرم نے کہا کہ آئندہ 10 روز میں آل پارٹیز کانفرنس بلارہے ہیں جس کے لیے مولانا فضل الرحمان سمیت اہم سیاسی جماعتوں سے رابطے ہیں۔ادھر خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے متفقہ اعلامیے میں مذاکراتی عمل میں صوبائی نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں صوبائی پارلیمانی پارٹی کو نمائندگی دی جائے اور علی امین گنڈاپور صوبے کی جانب سے نمائندگی کریں۔پارلیمانی پارٹی کے اعلامیے کے مطابق آئینی طور پر سہیل آفریدی وزیراعلی اور جنید اکبر صوبائی صدر ہیں۔ اجلاس میں آئینی و تنظیمی عہدوں سے متعلق نہ کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے اور نہ ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلامیے میں مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے بیان اور پوسٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے پوسٹ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اسی طرح پارٹی قیادت سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر واضح اور موثر احتجاجی لائح عمل دے۔
آل پارٹیز کانفرنس
