اسلام آباد (این این آئی)وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ترکمانستان کے سفیر آتاجان مولاموف کی ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکمانستان کے مابین مذہبی تعلیم، ثقافت، باہمی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا بھی شریک تھے۔تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مذہبی وفود کے تبادلے، مذہبی تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور خطے میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ مذہبی اور ثقافتی روابط کو مزید وسعت دے کر دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مفتی اعظم ترکمانستان رحمن قربان میرادوف کے متوقع دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ معزز مہمان کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔ وزیر مذہبی امور نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذہبی شخصیات اور وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قربت اور باہمی احترام کو فروغ حاصل ہوگا۔ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین مذہبی تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مذہبی ثقافتی اور اقتصادی روابط مستحکم:سردار محمد یوسف

