کراچی(این این آئی)فارما ایشیا 2026 کی 24ویں بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس کے دوسرے روز بھی ملکی و غیر ملکی ادویہ ساز کمپنیوں اور
تجارتی نمائندوں کی بھرپور شرکت جاری رہی۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی اس نمائش کو پاکستان کی ادویہ سازی اور غذائی و صحت بخش مصنوعات کی صنعت میں بین الاقوامی تعاون، کاروباری روابط اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم قرار دیا جا رہا ہے۔نمائش کا انعقاد خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل، ای کامرس گیٹ وے پاکستان اور پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا گیا ہے، جس میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے علاوہ بین الاقوامی تجارتی وفود بھی شریک ہیں۔فارما ایشیا 2026 میں نیوٹراسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین اور ایرانی کمرشل اتاشی مراد نعمتی نے بھی شرکت کی۔ نمائش میں چین کی 50 سے زائد کمپنیوں اور 150 سے زائد مندوبین کی موجودگی کو ٹیکنالوجی کے تبادلے، تجارتی روابط اور کاروباری شراکت داریوں کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔نمائش کے دوران ادویہ سازی اور صحت بخش مصنوعات کے شعبوں سے وابستہ کمپنیوں اور تجارتی نمائندوں کو باہمی رابطوں، کاروباری مواقع کی تلاش اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے امکانات پر تبادلہ? خیال کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔فارما ایشیا 2026 کو پاکستان کی ادویہ سازی اور غذائی و صحت بخش مصنوعات کی صنعت کے لیے بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور کاروباری شراکت داریوں کو وسعت دینے کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ ملکی و غیر ملکی اداروں کی شرکت سے صنعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، تجارتی روابط کی مضبوطی اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات کو فروغ دینے کی توقع ہے۔
