لاہور( این این آئی)چین اور پاکستان نے پانی میں ریسکیو کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور سیلاب سمیت دیگر آبی ہنگامی صورتحال سے موثرانداز میں نمٹنے کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرام مکمل کر لیا ہے۔ چین کی بلیو اسکائی ریسکیو ٹیم کے آرک آف لائف اقدام کے تحت اس تربیتی پروگرام میں پنجاب کے 65 ریسکیو افسران کو پانی میں امدادی کارروائیوں سے متعلق خصوصی مہارتیں فراہم کی گئیں۔تربیتی پروگرام میں دریائوں، نہروں، نشیبی علاقوں اور شہری سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیت فراہم کی گئی ۔تربیتی پروگرام کے دوران ریسکیو کارروائیوں کے لیے حفاظتی رسیاں اور لائنیں قائم کرنے، متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کے لیے عارضی بیڑے تیار کرنے، کشتی چلانے اور پانی میں پھنسے افراد کو بچانے کی عملی تربیت دی گئی۔
