کراچی (خصوصی رپورٹ) پیپلزپارٹی سے باغی ڈاکٹر صفدرعباسی‘ منور عباسی اور ناہید خان سمیت سندھ کے اہم سیاسی رہنما عید کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے۔ عمرن خان نے ڈاکٹر عارف علوی‘ لیاقت جتوئی اور سردار یار محمد رند کو ٹاسک دے دیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب کی طرح سندھ میں بھی اہم سیاسی رہنماﺅں کو پی ٹی آئی میں شامل کرنے کیلئے سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کی سندھ میں جن رہنماﺅں سے شمولیت کے حوالے سے بات ہوئی ہے ان میں پیپلزپارٹی سے باغی رہنماﺅں ڈاکٹر صفدرعباسی‘ منورعباسی‘ ناہید خان‘ شکار پور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ابراہیم جتوئی‘ سابق صوبائی وزیر میر عابد جتوئی‘ سابق چیئرمین سینٹ و سابق گورنر سندھ محمد میاں سومرو اور دیگر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر صفدر عباسی‘ منور علی عباسی‘ ناہید خان‘ ڈاکٹر ابراہیم جتوئی اور میر عابد جتوئی عید کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ یہ شمولیت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی موجودگی میں ہوگی جبکہ محمد میاں سومرو نے پی ٹی آئی قیادت کو کہا ہے کہ وہ خاندان سے مشورہ کرکے آگاہ کریں گے۔ پی ٹی آئی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین عمران خان نے سندھ میں سیاسی شخصیات کو پی ٹی آئی میں لانے کا ٹاسک سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی پی ٹی آئی سندھ کے صدر عارف علوی اور سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کو دیا ہے۔