چکوال(بیورورپورٹ)رشتہ نہ ہونے کا شاخسانہ، تھانہ ڈھڈیال کے علاقے ڈورے میں درندہ صفت نے بیس سالہ نوجوان لڑکی کو خنجروں کے وار سے شدید زخمی کر دیا ، لڑکی تشویشناک حالت میں راولپنڈی منتقل ، ڈورے میں ظفر اقبال نامی شخص نے رات کی تاریکی میں دیوار پھلانگ کر گھر میں موجود بیس سالہ نوجوان لڑکی کو خنجر کے پے در پے وار کر کے شدید زخمی کر دیا ،بتایا جا رہا ہے کہ لڑکی کی چند دن قبل منگنی طے ہوئی تھی۔ ملزم ظفر اقبال بیرون ملک مقیم تھا اور زخمی ہونے والی لڑکی کا چچا زاد ہے۔ ایف آئی آر میں درج زخمی لڑکی کے بیان کے مطابق ملزم کو اس بات کا رنج تھا کہ اس کی شادی کیوں کی جا رہی ہے چنانچہ وہ فوری طور پر بیرون ملک سے چھٹی لے کر پاکستان آیا اور موقعہ دیکھ کر لڑکی کے گھر میں گھس کر حملہ کر دیا، واقعہ کے بعد ملزم سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گیا۔ متاثرہ اہل خانہ نے پولیس ریسکیو سروس پر کال کی جس کے بعد تھانہ ڈھڈیال پولیس فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی اور شدید زخمی حالت میں موجود لڑکی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال منتقل کیا۔ بعد ازاں لڑکی کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ ڈھڈیال پولیس نے زخمی لڑکی کے بیان پر مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
