اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی
ایل)کے دفاتر کی منتقلی کے معاملے کو صوبائیت کی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے، یہ فیصلہ کمپنی کے انتظامی و مالی معاملات اور اخراجات کو موثر انداز میں چلانے کی ضرورت کے تحت کیا جا رہا ہے۔ جمعہ کو سینٹ میں سینیٹر سید وقار مہدی اور سینیٹر ضمیر حسین گمرو کے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمپنی کے بورڈ نے متعدد مرتبہ موجودہ دفتر کی عمارت خالی کرنے کو ناگزیر قرار دیا ہے، عوامی پیسہ قومی امانت ہے، اس لیے دو مختلف مقامات پر دفاتر، اضافی اخراجات اور الگ الگ انتظامی ڈھانچے برقرار رکھنے کے بجائے وسائل کے موثر استعمال کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ دفتر کی منتقلی سے تمام ملازمین متاثر ہوں گے۔ کمپنی کے تقریبا 77 فیصد ملازمین مذکورہ دفتر میں تعینات نہیں بلکہ مختلف مقامات اور دیگر دفاتر میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان پر منتقلی کے فیصلے کا براہ راست اثر نہیں پڑے گا۔

