نئی دلی(این این آئی)کانگریس کے سابق صدر اور پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ”لوک سبھا” میں قائد حزب اختلاف
راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ حزب اختلاف کے مجوزہ احتجاج میں شرکت کیلئے لوگوں کو دلی آنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کل یکم نومبر کو تمام اپوزیشن جماعتیں دلی کے رام لیلا میدان تک مارچ کریں گی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلی میںسیاسی اور غیر سیاسی ہر طبقے کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ، امیت شاہ لوگوں کو دلی آنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ لاکھوں لوگوںکو انکے حق رائے دہی سے محروم کیا جا رہا ہے اور انکے ووٹ چھینے جارہے ہیں۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یہ سب نریندر مودی، امیت شاہ ، آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت ، اڈانی اور امبانی کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا جا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ یکم نومبر کی ریلی میں ہروہ شخص شامل ہو سکتا ہے جو ہماری اس مہم کا حصہ بننا چاہتا ہے، خواہ اسکا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو یا وہ غیر سیاسی ہو۔ راہول گاندھی نے کہا کہ یہ حزب اختلاف کی ایک مشترکہ تحریک ہے اور تمام اپوزیشن جماعتیں اس میں متحد ہو کر حصہ لے رہی ہیں۔

