اسلام آباد (نیوز رپورٹر) شہر اقتدار میں عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین سال سے جاری ٹیسٹ سیریز اب آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے، قطری کا خط اگر قبول نہیں ہوتا تو سارا کیس ختم ہو جائےگا، قطری کی چتری اٹھ جائے تو کیس ختم ہو جائے گا، جمائما نے ساری بنکنگ ٹرانکزیکشنز بیج دی ہیں، شریف فیملی نے ابھی تک کیوں بنکنگ ٹرانکزیکشنز نہیں دیں؟عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم کی تین ملین کی انویسٹمنٹ تھائی لینڈ میں کی تھی جو واپس آگئی تھی، جے آئی ٹی کو متنازع بنایا جا رہا ہے، پہلے ہی کہا تھا کہ نواز شریف وزیر اعظم رہے تو اداروں کو کام نہیں کرنے دیں گے، جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی تو عید کے بعد بڑی تحریک چلائیں گے۔انہوں نے ایک بار پھر الزام لگایا کہ انہیں غیرملکی حکومتوں نے پیسوں کی آفر کی تھی۔ عمران خان نے ن لیگ پر میانوالی میں تحریک انصاف کے کونسلر کو 90 لاکھ روپے رشوت دینے کا بھی الزام لگایا، بولے، 2013ء میں الیکشن کی تیاری نہیں تھی لیکن اب تیار ہیں، لاہور اور میانوالی سے الیکشن لڑوں گا اس کے علاوہ کہاں کہاں سے لڑوں گا، اس کا فیصلہ نہیں کیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے شفاف الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے، پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر ایک ایک فوجی اہلکار ہوگا، 2013ء کے الیکشن میں جاوید ہاشمی پر الزام تھا کہ انہوں نے پیسے لیکر ٹکٹ دیئے۔ سعودی قطر تنازعے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مشرق وسطیٰ میں صرف ثالث کا کردار ادا کرنا چاہئے، سہیل خان نے نوے لاکھ لے کر نمل یونیورسٹی کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان نے عید کوہستان میں منانے کا بھی اعلان کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں پاناما کیس اور جے آئی ٹی کی سماعت پر تبادلہ خیال کیا گیا اور جے آئی ٹی کو مبینہ طور پر دی جانے والی دھمکیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف زیرسماعت مقدمات کا جائزہ بھی لیا گیا۔