چکوال(بیورو رپورٹ)موبائل فون کمپنیوں اورانٹرنیٹ کی ناقص ترین سروس ، پیکجز میں آئے روز اضافے کے نام پر لوٹ مار، بجلی بندش کے دوران موبائل فون ٹاورز پر بیٹری سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے ضلع چکوال میں موبائل فون سروسز اور ڈیجیٹل بینکنگ کا بحران شدت اختیار کر گیا،موبائل فون سروسز اور انٹرنیٹ میں بار بار تعطل معمول ، موبائل فون کمپنیوں کے صارفین چلا اٹھے، محکمہ پی ٹی اے سے موبائل فون کمپنیوں اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنیو الے اداروں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ ، باہمی رابطوں کے حوالے سے اس وقت موبائل فون انٹرنیٹ کمپنیوں نے ایک طرف تو پیکجز کے نام پر حرام خوری کا اودھم مچا رکھا ہے تو دوسری طرف انتہائی ناقص سروسز کی وجہ سے کاروباری حضرات ، طلبا و طالبات اوردفتری امور نمٹانے والے افراد سخت ذہنی اذیت سے دوچار ہیں جب کہ جاز کیش ، ایزی پیسہ اور موبائل بینکنگ ایپس ڈائون لوڈ نہ ہونے کی شکایات بڑے پیمانے پر سامنے آ رہی ہیں ، صارفین کے مطابق ایک ہی وقت میں متعدد بڑے مالیاتی اداروں، بینکنگ چینلز اور موبائل والٹس کے سرورز متاثر ہونے سے آن لائن فنڈز کی منتقلی، بلوں کی ادائیگی اور کاروباری لین دین کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، صارفین کا یہ کہنا ہے کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں مافیا کا روپ دھار چکی ہیں ، پیکجز کے نام پر بھاری بھرکم وصولیوں کے باوجود سرو س میں آئے روز تعطل بالخصوص بجلی بندش کے بعد تمام موبائل فون کمپنیوں کی سروس زیرو ہو جاتی ہے ، عوامی حلقوں نے پی ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے دوران موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورز پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تا کہ سروس میں تعطل نہ آئے کیوں کہ جیسے ہی بجلی بند ہوتی ہے موبائل فون ٹاورز کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں ۔
