کراچی(ویب ڈیسک) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام
میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان کا پہلا ماربل سٹی قائم کیا جا رہا ہے، جس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ماربل سٹی کراچی کی پری لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیئر وزیر نے کہا کہ منصوبے کے ذریعے سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موجود سنگِ مرمر اور گرینائٹ کے قدرتی ذخائر کو جدید صنعتی طریقوں سے پراسیس کرکے اعلی معیار کی مصنوعات تیار کی جائیں گی، جنہیں عالمی منڈیوں میں برآمد کیا جا سکے گا۔تقریب میں خصوصی معاون برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ قاسم نوید قمر، معروف صنعت کار عارف حبیب، سرکاری حکام، صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں کراچی ماربل سٹی انڈسٹریل پارک کی پری لانچ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کے لیے آج کا دن اہم ہے اور ایک جدید صنعتی منصوبے کی پری لانچنگ خوش آئند پیش رفت ہے۔ محکمہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور محکمہ سرمایہ کاری اس منصوبے پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔ قاسم نوید قمر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر اس منصوبے کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ اس کے پیچھے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کا ترقی پسند وژن کارفرما ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ نے ہمیشہ ترقی کے میدان میں پہل کی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر آگے لے جایا جائے۔
کراچی میں پاکستان کا پہلا ماربل سٹی قائم کیا جا رہا ہے: شرجیل انعام میمن

