پشاور(نیوز ایجنسیاں )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور امن و امان کا قیام سب سے پہلی ترجیح ہے،ہماری پالیسی اسلام آباد سے آئے گی، جلال آباد یا قندھار سے فیصلے نہی آئیں گے، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔پشاور میں پریس بریفنگ کے دوران گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اپیکس کمیٹی کا اجلاس پشاور میں وزیراعظم اور اعلیٰ حکام کی موجودگی میں ہوا، خیبر پختونخوا حکومت نے سکیورٹی ضروریات کے لیے 160ارب روپے کا مطالبہ کیا جس کی وفاق نے تائید کی، وفاق کے ساتھ تمام سکیورٹی اور ترقیاتی امور پر رابطہ کاری اور فالو اپ اجلاس اسلام آباد میں منعقد کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم کرتے ہیں، شکست ہماری ڈکشنری میں نہیں، پولیس کو محض کلاشنکوف اور محدود گولیوں کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا، ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی، شہدا پیکجز اور تنخواہوں میں بہتری کے ساتھ پولیس کو جدید اسلحہ اور ایمونیشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں تاحال ایک بھی پولیس لائن نہ بننے پر تشویش ہے، سکیورٹی فورسز کو اون نہ کرنا سب سے بڑی خامی تھی، اب سکیورٹی کی مکمل پولیٹیکل اونرشپ لی جائے گی، صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ناگزیر ہیں، خیبر پختونخوا کی پالیسی اب اسلام آباد سے آئے گی، جلال آباد، قندھار یا کابل سے نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے تحت پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے اچھے اقدامات کو اپنایا جائے گا، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف انڈیا کی سہولت کاری کے لیے استعمال ہو رہی ہے، افغان حکام کی جانب سے پشاور پر قبضے جیسے بیانات اور ڈرون کی آمد پر ماضی میں خاموشی افسوسناک تھی، ریاست، آئین اور قانون کو نہ ماننے اور ہتھیار اٹھانے والوں کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہتھیار اٹھانے والے عناصر کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا، دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی نافذ ہے، ترقیاتی کام، سڑکیں اور پل تبھی مفید ہیں جب انسان اور عوام کی زندگی محفوظ ہو، عوام کا اعتماد بحال کر کے اور پولیس و عوام کا رابطہ مضبوط بنا کر آدھی جنگ جیتی جا سکتی ہے، صوبے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف کرنا ترجیح ہے، اس جنگ میں شکست یا واپسی کا کوئی آپشن نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، امن قائم کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ضروری ہیں، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پی ٹی آئی حکومت سنجیدہ نہیں تھی، ہم ایسے موڑ پر کھڑے ہیں جہاں واپسی کی گنجائش نہیں اور شکست ہمارے لئے آپشن نہیں۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ افغانستان فرار ہونے والے دہشت گردوں کو دوبارہ یہاں آباد کیا گیا، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔ ا س موقع پر سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا امجد علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے وسائل میں اضافہ کیا جائے گا، پولیس کو مضبوط اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا، اسلحہ، آلات اور دیگر ضروریات پوری کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی
