اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے سائبر حملے اب صرف بینکوں یا اداروں تک محدود نہیں رہے، بلکہ یہ انسانی حقوق کی پامالی کا سب سے خطرناک ہتھیار بن چکے ہیں۔ ایک عالمی تحقیقاتی رپورٹ میں سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ جدید اسپائی ویئر اور مصنوعی ذہانت سے لیس ہیکنگ ٹولز کے ذریعے لاکھوں شہریوں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں کی نجی زندگیوں کو چوبیس گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے، جس نے حقِ پرائیویسی کو عملاً ختم کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ہیکرز شہریوں کا ذاتی ڈیٹا، تصاویر اور پیغامات چوری کر کے انہیں بلیک میل کرنے اور ان کی آواز دبانے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر خواتین صحافی اور سماجی کارکن ہیں، جن کی ڈیجیٹل شناخت چوری کر کے انہیں آن لائن ہراساں کیا جاتا ہے۔ خوف کے باعث ہزاروں خواتین آزادی اظہار رائے کا حق چھوڑ کر انٹرنیٹ سے دور ہونے پر مجبور ہو رہی ہیں۔سب سے تشویشناک انکشاف ہسپتالوں پر ہونے والے رینسم ویئر حملوں سے متعلق ہے، جو اب براہ راست انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہے ہیں۔ جب ہسپتالوں کا کمپیوٹر سسٹم بلاک ہوتا ہے تو نازک مریضوں کے آپریشن رک جاتے ہیں اور ایمرجنسی خدمات معطل ہو جاتی ہیں، جو حقِ زندگی پر سیدھا وار ہے۔ اسی طرح کروڑوں افراد کا ڈیٹا چوری ہونے سے ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی سیکنڈوں میں غائب ہو جاتی ہے۔سائبر سیکیورٹی اور قانونی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے سائبر حملوں کو صرف تکنیکی مسئلہ سمجھنے کے بجائے انسانی حقوق کا بحران تسلیم نہ کیا، تو بہت جلد ڈیجیٹل دنیا انسانوں کے لیے ایسی جیل بن جائے گی جہاں نہ آزادی محفوظ ہو گی اور نہ ہی کوئی بنیادی حق۔
