لاہور(سپورٹس ڈیسک)راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خراب روشنی کے باعث کھیل ختم ہونے پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنالیے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن سری لنکا کی جانب سے کمنڈو مینڈس 40 اور دھننجیا ڈی سلوا نے 22 رنز کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا۔پاکستان کے خلاف سری لنکا کا اسکور 155 رنز پر پہنچا تو اسکی چوتھی وکٹ گر گئی۔ کمنڈو مینڈس 58 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے۔اس کے بعد سری لنکن بیٹر دھننجیا ڈی سلوا اور کپتان کوشل مینڈس نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔ دونوں کھلاڑیوں نے 249 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ناصرف اپنی اپنی سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان کا پہلی اننگز میں برتری برقرار رکھنے خواب بھی چنکا چور کردیا۔ ڈی سلوا 167 جبکہ مینڈس 117 رنز کے ساتھ چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان اور محمد عباس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم نے پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے 93، عرفات منہاس نے 52 اور غازی غوری نے 48 رنز بنائے، ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے 57 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد طحہ نے 51 اور بابر اعظم نے 50 رنز بنائے۔سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 4 کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں، جن میں طیب عارف، محمد طحہ، عرفات منہاس اور ثاقب خان شامل ہیں۔
پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا دن سری لنکا نے 4 وکٹوں پر 404 رنز بنا لئیے

