اسلام آباد (این این آئی)پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 26) آج12 اور 13نومبر کو
اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔ فورم میں پالیسی سازوں، ملکی و بین الاقوامی کان کنی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام، سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور تکنیکی ماہرین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جہاں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔حکومت پاکستان کے زیرِ اہتمام اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کی سرپرستی میں منعقد ہونے والا یہ فورم پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی سرمایہ کاری، مہارت اور جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے ملک کا اہم ترین پلیٹ فارم ہے۔ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) فورم کا بانی شراکت دار ہے۔ پی ایم آئی ایف 26 میں معدنی وسائل کی تلاش، پراسیسنگ اور پائیدار کان کنی کے شعبوں میں بات چیت کو عملی سرمایہ کاری، شراکت داریوں اور منصوبوں میں تبدیل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

