راولپنڈی /اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا،عمران خان کا خط بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس کو پہنچا دیا گیا۔خط میں بانی پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ہے، میرا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ براہِ کرم عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد ممکن بنائیں، زندہ رہوں گا تو اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے علاج اور سرجری کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست دائر کی ہے، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔درخواست میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کو سرجری کے لیے تمام ضروری سہولتیں بروقت فراہم کی جائیں اور فوری طبی نگہداشت و علاج کے لیے کسی خصوصی اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔درخواست کے مطابق 10 نومبر کو ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی کی صحت کی سنگینی سے آگاہ کیا تھاجبکہ 15 نومبر کو بشریٰ بی بی نے آنکھ کی ممکنہ سرجری سے متعلق بھی بتایا تھا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بشریٰ بی بی کو دیکھنے میں مشکلات اور آنکھ میں تکلیف کا سامنا تھا، تاہم شکایت کے 7 سے 8 روز بعد جیل میں ڈاکٹر نے ان کا طبی معائنہ کیا۔درخواست میں کہا گیا کہ ڈاکٹر نے بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری کی جائے گی۔جبکہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو جو خط لکھا وہ حقائق کے منافی ہے، یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلب گار ہیں۔ پارلیمنٹ چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے، وہ سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں ہیں، 190 ملین پانڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد سے قید میں ہیں، 190 ملین پانڈ قومی خزانے میں آنے تھے مگر کسی اور کے اکانٹ میں بھیجے گئے جس نے انہیں 190 ملین پانڈ کے عوض ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پانڈ کرپشن کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے، خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں، عمران خان کی 22 گھنٹے قیدِ تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی سے متعلق دعوے درست نہیں، انہیں جیل میں تمام سہولتیں فراہم ہیں، ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، ان کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے درست نہیں، ان کی صحت کا ہفتہ وار بنیاد پر طبی ماہرین جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں، طبی ماہرین کی ضرورت پر عمران خان کا جیل سے باہر بہترین طبی سہولت میں معائنہ کرایا جاتا ہے،ان کو آٹھ مرتبہ پمز میں بہترین طبی سہولت کے ساتھ معائنے کے لیے دکھایا گیا۔ ڈاکٹروں نے عمران خان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا۔
