لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حکومت اور اختیارات
کی نچلی سطح تک شرکت داری کیلئے پنچائیت کے ذریعے ثالثی، صلح اور دوستانہ تصفیہ کا نظام لانے کا بڑے فیصلہ کیا ہے۔ پنچائیت کے ذریعے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے بڑی سماجی تبدیلی رونما ہوگی اورانصاف عوام کی دہلیز پر موجود ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ”پنچائیت”نظام کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنچائیت کے قیام کیلئے تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں بنیں گی۔پنچائیت کمیٹی تنازعات کو فریقین کی باہمی رضامندی سے حل کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشی کو رکن پنچائیت مقرر کرے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنچائیت کے ارکان کا انتخاب نیک نامی،غیر جانبداری اوردانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔خواتین،اقلیتیں،غربا اورپسماندہ طبقات کیلئے انصاف کی رسائی آسان ہوگی۔پنچائیت کا نظام قانونی،انصاف اورغیر جانبداری کی مقررہ قانونی حدود کے اندر کام کرنے کا پابند ہوگا۔ پنچائیتی نظام کے ساتھ ساتھ عدالتی دائرہ ا ختیار اورفرد کے عدالتی تحفظ کے حصول کے حق کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔پنچائیت میں نمبردار،اساتذہ، ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈآرمی آفیسر، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معزز ین رکن ہوں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنچائیت پروگرام کیلئے رولز، پالیسی گائیڈ لائن اور ضوابط کا جامع پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنچائیت کے اختیارات کے تعین کیلئے واضح قواعد و ضوابط متعین کرنے کی ہدایت کی۔ پنجائتی نظام کا خواتین یا کمزور طبقات کیخلاف ممکنہ استعمال روکنے کے لئے دائرہ اختیار سے متعلق نیگیٹو لسٹ بھی جاری کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم مکالمے اورمعززین کی دانشمندی سے حل کیا جا سکتا ہے۔پنجاب میں معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانا صدیوں پرانی روایت ہے۔پنچائیتی نظام شہریوں کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کی کاوش ہے۔باہمی اختلافات کو حل کرنے کیلئے عدالت ہی پہلا فورم نہیں بلکہ پنچائیٹ کو ہونا چاہیے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تنازعات کولیگل فریم ورک میں غیر رسمی حل کیلئے پنجاب پنچائیت ایکٹ متعارف کرایا جارہا ہے۔پنجاب پنچائیت ایکٹ باہمی رضامندی کے ذریعے تنازعے حل کرنے کا سادہ کم خرچ اورآسان فورم ہوگا۔حکومت عوام کو نچلی سطح پر اختیارات میں شراکت دار بنانا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دیاجائے گا۔پنچائیت کے قیام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا۔ پنچائیت کے ذریعے فوری اور سستا انصاف ممکن ہوسکے گا۔ حکومت سماجی تبدیلی کے ذریعے انصاف کو عوام کی دہلیز تک لائے گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کی حفاظت، عزت اور بہتر مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ بچوں اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سپیڈی کورٹس قائم کی جارہی ہیں۔ بچوں اور خواتین کے استحصال میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینے کیلئے نیا ایکٹ لائیں گے۔بچوں کو جنسی استحصال، بدسلوکی اور ہر قسم کے تشدد سے محفوظ بنانا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی، تشددکے روک تھام اور بحالی کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں سیف سٹی کیمروں اور پنک بٹن سے بچوں کی حفاظت یقینی بنار ہے ہیں۔بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد صرف جرم نہیں بلکہ شرف انسانیت کے برعکس ہے۔بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر سماج کے مجرم ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی قائم کیے گئے ہیں۔پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد گمشدہ اور اغوا شدہ بچوں کو گھر واپس پہنچایا گیا ہے۔قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلامک آرٹ کے ماہرین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلامک آرٹ کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قرآنی خطاطی کرنے والے تمام فنکاروں،خطاب اور معماروں کو سلام پیش کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں اسلامی فن و ثقافت کے فروغ اور تاریخی ورثے کے تحفظ کا عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جلالپور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے زخمی مسافروں کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت بھی کیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعابھی کی ہے۔
مریم نواز
