کراچی (این این آئی) پاکستان کو رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ، جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران بیرونی قرضوں اور گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر5ارب 89 کروڑ ڈالر سے زائد کی مالی معاونت موصول ہوئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں157 فیصد زیادہ ہے۔ وزارتِ اقتصادی امور کی دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں پاکستان نے 5 ارب 85 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے جبکہ 3 کروڑ 61 لاکھ ڈالر گرانٹس کی صورت میں موصول ہوئے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے مقابلے میں بیرونی قرضوں کی رقم میں تقریباً 3 ارب 61 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ موصول ہونے والے قرضوں کی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک ہزار 637 ارب روپے بنتی ہے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت سے 988 ارب روپے زیادہ ہے۔ دستاویز کے مطابق پاکستان کو 4 ارب 89 کروڑ ڈالر نان پراجیکٹ اور تقریباً ایک ارب ڈالر پراجیکٹ کی مد میں مالی معاونت ملی۔ بانڈز کے اجرا کے ذریعے 2 ارب 94 کروڑ ڈالر سے زائد قرض حاصل کیا گیا جبکہ بین الاقوامی کمرشل بینکوں سے 30 کروڑ ڈالر کا کمرشل قرض بھی لیا گیا۔نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کے ذریعے ایک ارب 26 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ عالمی مالیاتی اداروں سے ایک ارب ڈالر سے زائد اور مختلف ممالک سے 6 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت موصول ہوئی۔اداروں اور ممالک کی جانب سے فراہم کردہ رقوم میں عالمی بینک کے 42 کروڑ 75 لاکھ ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک کے 17 کروڑ ڈالر اور اسلامی ترقیاتی بینک کے 23 کروڑ 85 لاکھ ڈالر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فرانس نے 2 کروڑ ڈالر جبکہ سعودی عرب نے ایک کروڑ 71 لاکھ ڈالر کا قرض فراہم کیا۔وزارتِ اقتصادی امور کے اعداد و شمار کے مطابق صرف اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان کو 44 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس موصول ہوئے۔ حکام کے مطابق بیرونی مالی معاونت ملک کی مالی ضروریات پوری کرنے، بجٹ کو سہارا دینے، زرمبادلہ کے ذخائر برقرار رکھنے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ سے نمٹنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
