راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر احسن اقبال نے موجودہ دور کو انسانیت کیلئے مشکل ترین دور قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ مسلسل محنت کو شعار بنائیں اسی ملک میں ہی امریکہ، یورپ اور دبئی چھپا ہوا ہے۔اگلے 20 سالوں میں نوجوان نے کیا فیصلے کرنے ہیں 100 سال بعد ہم وہی پاکستان دیکھیں گے۔ معرکہ حق میں پاکستان نے انڈیا کو دھول چٹائی، 20 سال بعد معرکہ ترقی میں بھی دشمن کو دھول چٹائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فاطمہ جناح یونیورسٹی میں سالانہ کانووکیشن سے خطاب میں کیا احسن اقبال نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں کبھی صدر مملکت بیٹھا کرتے تھے لیکن آج یہ ادارہ پاکستان میں ویمن پاور کی علامت بنا چکا ہے۔ تعلیم وہ طاقت ہے جو کسی بھی قوم کو غربت کی زنجیروں سے نکال سکتی ہے۔ میں بھی تعلیم کی وجہ سے پاکستان کے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچا ہوں۔ محنت سے انسان کوئی بھی خواب پورا کرسکتا ہے۔ ڈگریوں کے حصول کے پیچھے طالبات کی بہت محنت ہے۔ آج کی نوجوان نسل کو جین زی کہا جاتا ہے۔ قائداعظم کے ساتھ جو نوجوان تھے ان کے پاس کچھ نہیں تھا۔ اس وقت کے نوجوانوں کا جذبہ تھا انہوں نے اپنی قوم کو غلامی سے نکالنا ہے۔ 15 اگست 1947 کو صرف 7 سالوں میں پاکستان بن گیا۔ ہم محنت کرینگے تو اگلے 20 بیس سال میں نتائج مختلف ہونگے۔ ہر چیز کی بنیاد آرٹیفیشل انٹیلی جنس تبدیل کررہی ہے۔ ہمیں اے آئی کی تبدیلیوں کیلئے تیار ہونا ہو گا اسکا تدارک بھی کرنا ہو گا۔ ہمیں اے آئی کی تبدیلی کا وکٹم نہیں بننا ہے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔ ہمارا چلینج ہے اے آئی کی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہوں۔ دنیا کی بڑی بڑی کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی کی تبدیلیوں کا ڈیمیج کنٹرول نہیں کرسکیں۔ ٹیکنالوجی کی تبدیلوں سے بڑی بڑی کمپنیوں کا سرمایہ ڈوب گیا۔ ہمیں نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح نے بھائی کے ہمراہ تحریک پاکستان میں اپنا کردار ادا کیا۔ فاطمہ جناح بچیوں کیلئے خواتین کیلئے رول ماڈل ہے۔ ڈگریوں کے حصول کے پیچھے طالبات کی بہت محنت ہے۔ والدین کا خواب ہوتا ہے انکی بچیاں یونیورسٹی میں جاکر ڈگری حاصل کریں۔ والدین کا بچیوں کی تعلیم میں بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ قائد اعظم کے ساتھ جو نوجوان تھے انکے پاس کچھ نہیں تھا۔ اس وقت کے نوجوانوں کا جذبہ تھا انہوں نے اپنی قوم کو غلامی سے نکالنا ہے۔
