لاہور (این این آئی) سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی سلطنتیں ختم ہونی چاہئیں مگر ایسا نہ ہو کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے، ایسے ملک چلے گا نہ آگے بڑھے گا، عجلت سے گریز مناسب ہوگا۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس گلے سڑے بدبودار نظام ِ حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنے کی سوچ ناقابل ِ فہم ہے ، چھوٹے صوبے بنانا مثبت عمل ہے لیکن پیشگی بنیادی اصلاحات کیے بغیر اسکا کوئی فائدہ نہیں ہو گا ۔سب سے پہلے شفاف نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کریں ، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور پیسے والوں کی حکمرانی ختم کریں ، تعلیم یافتہ مڈل کلاس کے لئے سیاست کرنے کا راستہ بنائیں ، سول سروس اور عدالتی ریفارمز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سلطنتیں ختم ہونی چاہئیں مگر ایسا نہ ہو کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے

