اٹک (بیورو رپورٹ )اٹک سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست سید ذوالفقار عباس بخاری المعروف زلفی بخاری کو لندن سے شائع ہونے والے بین الاقوامی جریدے The Luxurist Magazine نے عالمی سیاست دانوں کی نئی نسل سے متعلق اپنی خصوصی فہرست میں شامل کر لیا ہے، جریدے نے 16 نومبر 2026 کو شائع ہونے والی اپنی خصوصی رپورٹ بعنوان ”The New Generation of Global Politicians Changing the Face of Power” میں زلفی بخاری کو دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی نمایاں سیاسی شخصیات کے ساتھ شامل کیا ہے، اس فہرست میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی واحد شخصیت زلفی بخاری ہیں، جو پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، زلفی بخاری کا تعلق تاریخی ضلع اٹک سے ہے اور وہ سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوستوں اور سیاسی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں، اٹک کی سیاست میں ان کا نام ایک نمایاں شناخت رکھتا ہے، ملکی سیاست ہو یا ضلع اٹک سے متعلق کوئی اہم معاملہ، زلفی بخاری کا نام ہمیشہ نمایاں نظر آتا ہے۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اٹک کی نمائندگی کرتے ہوئے علاقے کی شناخت کو اجاگر کیا ہے اور ہر مشکل وقت میں اپنے سیاسی مؤقف اور وابستگی کے حوالے سے خبروں کا حصہ رہے ہیں، جریدے کی اس خصوصی فہرست میں نیویارک کے میئر زہران ممدانی، امریکی سیاست دان الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز، عبدالالسیّد، ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا، نیپال کے وزیراعظم بالیندر شاہ اور دیگر عالمی سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں، اپنے خصوصی تعارف میں جریدے نے زلفی بخاری کے سیاسی کردار، بین الاقوامی کاروباری تجربے، عالمی روابط اور جدید طرزِ ابلاغ کو نمایاں کیا ہے، جریدے کے مطابق لندن اور پاکستان کے درمیان پرورش پانے اور بین الاقوامی ماحول میں کام کرنے کے تجربے نے انہیں نوجوان پاکستانیوں اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں میں ایک نمایاں شناخت دی ہے، زلفی بخاری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں معاونِ خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی کی ذمہ داریاں انجام دیں، اس دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے متعلق امور ان کی سرکاری ذمہ داریوں میں شامل رہے، ان کی اس بین الاقوامی اشاعت میں شمولیت نہ صرف ان کی عالمی شناخت بلکہ پاکستان اور بالخصوص ضلع اٹک کے لیے بھی ایک قابلِ ذکر پیش رفت ہے۔ عالمی سطح پر مختلف ممالک کی سیاسی شخصیات کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرنا اٹک کے عوام کے لیے بھی باعثِ مسرت اور فخر ہے۔
