اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف سے چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے ملاقات کی جس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں جدید مہارتوں اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر تب ہی گامزن ہو سکتا ہے جب نوجوان نسل کو تعلیم اور جدید خطوط پر فنی تربیت سے آراستہ کیا جائے۔ انہوں نے ملک گیر سطح پر نوجوانوں کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں کو جدید ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پروگرام کے تحت جاری منصوبوں اور اہداف پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے یوتھ لون پروگرام کا ہدف بڑھا کر 292.5 ارب روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر کاروبار کی توسیع کے لیے قرضے کی حد اڑھائی کروڑ روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک 10 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2,400 ملکی و غیر ملکی کمپنیاں رجسٹر ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرٹ کی بنیاد پر طلبہ میں اب تک 6 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپس تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2 لاکھ 17 ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت کے وظائف اور 8 ہزار کورسز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 73 ہزار نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں اور 137 گرین یوتھ موومنٹ کلبز کو فعال کیا جا چکا ہے۔
