اسلام اباد (پ ر ) نسٹ یونیورسٹی کی طالبات کے ایک وفد نے ڈی واٹسن گروپ کے چیئرمین ظفر بختاوری سے ملاقات کی اور انہیں اپنے فلاحی منصوبے سے آگاہ کیا۔ طالبات نے بتایا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت فنڈ ریزنگ کر رہی ہیں تاکہ غریب اور مستحق خواتین کو مفت ادویات فراہم کی جا سکیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے ڈی واٹسن گروپ سے درخواست کی کہ ان کے ساتھ ایک معاہدہ کیا جائے، جس کے تحت ان کی جانب سے ریفر کیے جانے والے مریضوں کو میڈیکل اسٹورز سے نسخے کے مطابق ادویات فراہم کی جائیں، جن کی ادائیگی طالبات خود کریں گی۔اس موقع پر ظفر بختاوری نے طالبات کے جذب خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے آگے آنا انتہائی خوش آئند ہے۔ مستحق اور نادار خواتین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا ایک عظیم انسانی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے صاحبِ ثروت افراد اور اداروں کو بھی ایسے فلاحی اقدامات میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ڈی واٹسن گروپ انسانیت کی خدمت کے اس جذبے کی قدر کرتا ہے اور طالبات کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے طالبات کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر آمادگی ظاہر کی۔
