لاہور(خبریں ڈیجیٹل) آئرلینڈ کی ایک یونیورسٹی نے فلسطین میں جاری جنگ اور اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف احتجاج اور دباو کے بعد اسرائیلی ادارے کے ساتھ اپنے تعلیمی و تحقیقی تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئرلینڈ کی یونیورسٹی آف گیلوے نے اسرائیلی ٹیکنالوجی ادارے ٹیکنیون کی شمولیت پر احتجاجاور مسلسل دباو کے بعد یورپی یونین کے ایک تحقیقی منصوبے سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، جس کے نتیجے میں اسرائیلی ادارے کے ساتھ اس کی شراکت داری بھی ختم ہوگئی ہے۔ یونیورسٹی نے یورپی کمیشن کے مالی تعاون سے جاری ایسٹرکیسک نامی تحقیقی منصوبے سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ اس منصوبے کا مقصد سمندری پانی سے ماحول دوست ہائیڈروجن ایندھن تیار کرنے کی ٹیکنالوجی پر تحقیق کرنا تھا، جس میں اسرائیل کے ٹیکنیون انسٹیٹیوٹ سمیت متعدد یورپی تعلیمی و تحقیقی ادارے شریک تھے۔

