لاہور (سپورٹسڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مینز قومی کرکٹرز کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا جس کے مطابق محمد رضوان، شان مسعود، عبداللہ شفیق، صائم ایوب سمیت کئی سینئر کھلاڑی کسی بھی کیٹیگری میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ پی سی بی کا نیا سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون 2027 تک موثر ہوگا۔گزشتہ سال سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل حسن علی، محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد حارث، نعمان علی اور شان مسعود کو اس مرتبہ کسی کیٹیگری میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ عرفات منہاس، معاذ صداقت، محمد طحہ، فرحان یوسف، طیب عارف، رضا اللہ ، سمیرمنہاس، ثاقب خان کو سینٹرل کنٹریکٹ مل گیا۔کھلاڑیوں کو 4 مختلف کیٹیگریز میں کنٹریکٹس دیے گئے ہیں جن کی تقسیم کارکردگی اور طے شدہ معیار کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس میں ناموں کا اعلان کیا۔عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹس دیتے وقت کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی اور مقررہ معیار کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ ٹیم میں نئے لوگوں کو لے کر آرہے ہیں۔محمد رضوان کو کسی بھی کیٹیگری میں شامل نہ کیے جانے کے سوال پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے واضح کیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا مقصد سلیکشن سے بالکل نہیں ہے جن کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس نہیں ملے وہ بھی نیشنل ٹیم میں منتخب ہوسکتے ہیں، محمد رضوان کے لیے راستہ بند نہیں ہوا وہ بھی کھیل سکتے ہیں۔عاقب جاوید نے مزید بتایا کہ کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضہ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کو میچ فیس کی مد میں بھی اچھے پیسے دیئے جارہے ہیں۔اس موقع پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی، حارث رف اور نسیم شاہ کا ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا خوش آئند ہے۔نئے سینٹرل کنٹریکٹ درج ذیل کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کیٹیگری میں ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کیٹیگری میں شامل کیا ہے۔ٹیسٹ کیٹیگری کے لئے قومی کرکٹرز اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل کو ٹیسٹ کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگری کیلئے ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف ،حارث رف، شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے ۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگری کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگری میں شامل کیا ہے۔ ڈیولپمنٹ کیٹیگری کیلئے ڈیولپمنٹ کیٹیگری میں 19 نوجوان کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے جس میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا،رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، ثاقب خان، شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ کو ڈی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

