فتح جنگ(بیورو رپورٹ)پنڈی گھیب آل پاکستان گورنر پنجاب فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل حضرو فٹبال کلب نے جیت لیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان مہمان خصوصی تھے گورنمنٹ ہائی سکول پنڈی گھیب کے گراؤنڈ میں منعقدہ پہلے آل پاکستان گورنر پنجاب فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل حضرو فٹبال کلب نے جیت لیا۔ فائنل میں آئیسکو فٹبال کلب اسلام آباد اور حضرو فٹبال کلب کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا اور حضرو فٹبال کلب نے کامیابی حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کر لی۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان تھے۔تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت ملک امانت راول، حاجی ریاست سدھریال، ملک شیر خان سدھریال، آصف علی ملک ایڈووکیٹ، حاجی اختر غریبوال، ملک عامر علی خان، سید عاطف شاہ گیلانی، ملک نور محمد راول سمیت پارٹی عہدیداران، کارکنان اور فٹبال کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ ناک آؤٹ سسٹم کے تحت منعقد کیا گیا، جس کے انتظامی امور سٹی صدر پیپلز پارٹی طارق محمود، گورنر پنجاب کے معتمد خاص ملک عامر شہزاد، آصف، فیصل منیر، شیخ رضا صدیق اور دیگر منتظمین نے سرانجام دیے۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈی گھیب میں پہلی مرتبہ ملکی سطح کے فٹبال ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے سٹی صدر طارق محمود اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے تمام شریک ٹیموں اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے ایسے مقابلوں سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ اس سے قبل فتح جنگ میں گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا جبکہ پنڈی گھیب میں بھی کامیاب ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب نے فاتح حضرو فٹبال کلب اور رنر اپ آئیسکو فٹبال کلب اسلام آباد کے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں
