لندن (این این آئی)صدر کشمیر کنسرن یوکے افتخار چوہدری نے رٹھوعہ ہریام برج کو افتتاح کے بعد عوام الناس کے لیے کھولنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوامی مفاد اور خطے کی ترقی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے رٹھوعہ ہریام برج کی تکمیل اور اسے ٹریفک کے لیے کھولنا میرپور ڈویژن کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کی تکمیل سے نہ صرف لوگوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی بلکہ علاقے میں معاشی،تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔افتخار چوہدری نے کہا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی اصل کامیابی اس وقت ہوتی ہے جب اس کے ثمرات براہ راست عام شہریوں تک پہنچیں۔رٹھوعہ ہریام برج کی فعالیت سے شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا،سفری مشکلات میں کمی آئے گی اور مختلف علاقوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ بالخصوص طلبہ وطالبات،مریضوں،تاجروں، ملازمین اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کو اس منصوبے سے عملی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سڑکوں، پلوں اور مواصلاتی رابطوں کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے ایسے منصوبے خطے کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور مقامی آبادی کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
