جکارتہ(این این آئی)انڈونیشیا میں ایک فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی کے واقعے میں تین افراد ہلاک جبکہ چھتیس افراد لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش کے لیے امدادی اور ریسکیو کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جکارتہ سے جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آگ لگنے کے بعد امدادی ٹیموں اور فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر پندرہ افراد کو بحفاظت نکال لیا جبکہ ملبے اور متاثرہ حصے میں پھنسے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ حکام نے کہا کہ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاہم ابتدائی طور پر کسی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ فیکٹری کے باہر جمع متاثرہ کارکنوں کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی خیریت سے متعلق معلومات کے منتظر ہیں۔
