ڈھاکا(این این آئی)بنگلا دیش نے بھارت پر ملک میں فسادات بھڑکانے کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے ہنگاموں میں ملوث شرپسند عناصر کو بھارتی پراکسی قرار دے دیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چٹاگانگ میں بنگلا دیش کے سابق عبوری سربراہ اور نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی گئی جبکہ مختلف مقامات پر بدامنی کے واقعات پیش آئے۔ رپورٹس میں کہا گیا کہ بنگلا دیشی وزیراعظم طارق رحمان نے ملک میں تشدد اور بدامنی کی پشت پناہی کا ذمہ دار سرحد پار ملک کو ٹھہرایا جبکہ مقامی پارٹی کے سینئر رہنما نے بھارت پر سیاسی جماعتوں اور طلبہ ونگ کو پراکسی کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے اور ان کے بھارت جانے کے بعد سے خطے کی سیاست اور دو طرفہ تعلقات پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
