اٹک(این این آئی)تھانہ سٹی اٹک پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 13 سالہ بچی سے مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے نامزد ملزم کو انتہائی قلیل وقت میں گرفتار کر لیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔تفصیلات کے مطابق 20 نومبر 2026 کو متاثرہ بچی کی والدہ نے تھانہ سٹی اٹک میں درخواست دی کہ اس کی 13 سالہ بیٹی ہائی ایس ڈرائیور شوکت حیات ولد اکبر خان سکنہ مرزا کے ہمراہ سکول گئی، تاہم بچی کے سکول نہ پہنچنے پر سکول انتظامیہ نے والدہ کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دی۔والدہ نے تلاش شروع کی تو بچی حسن پارک مہریہ ٹان کے قریب روتی ہوئی ملی۔ بچی نے بتایا کہ ڈرائیور اسے سکول لے جانے کے بجائے زبردستی مہریہ لینڈ کی جانب لے گیا اور ہائی ایس گاڑی میں اس کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کی۔ بچی کے شور مچانے پر ملزم اسے پارک کے قریب اتار کر فرار ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی اٹک پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے کارروائی کی اور نامزد ملزم شوکت حیات ولد اکبر خان سکنہ مرزا، تحصیل و ضلع اٹک کو انتہائی قلیل وقت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
