لاہور (مہران اجمل خان سے)پاکستان میں ایچ آئی وی کے نئے انفیکشن میں 200 فیصد اضافہ، 18 ماہ میں 3,900 بچے متاثر، عالمی اداروں کی تشویش بڑھ گئی، یو این ایڈز کی عالمی حکمتِ عملی 20262031 میں پاکستان کو ان ممالک میں شامل کیا گیا ہے جہاں ایچ آئی وی کی وبا تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ عالمی اداروں کے مطابق پاکستان میں نئے انفیکشن کی سالانہ تعداد 2010 کے تقریبا 16 ہزار سے بڑھ کر 2024 میں 48 ہزار ہوگئی جو 200 فیصد اضافہ ہے۔ وزارتِ صحت کے قومی اسمبلی میںپیش کردہ اعداد کے مطابق جنوری 2025 سے جون 2026 تک 3 ہزار 900 سو بچے ایچ آئی وی پازیٹو رجسٹر ہوئے جن میں سندھ کے 1 ہزار 915 اور پنجاب کے 1ہزار 765 کیسز شامل ہیں۔ دونوں صوبوں میں مجموعی طور پر 94 فیصد سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق جون 2026 تک پاکستان میں ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزارنے والے افراد کی تخمینی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار تھی تاہم صرف 92 ہزار 148 افراد رجسٹرڈ جبکہ 67 ہزار 878 اینٹی ریٹرو وائرل علاج حاصل کر رہے تھے۔ یوں رجسٹرڈ کیسز میں بھی تقریبا 24 ہزار افراد علاج حاصل نہیں کر رہے تھے۔ ہو این ایڈز کی حکمتِ عملی بروقت تشخیص، علاج تک رسائی، پائیدار مالی معاونت اور امتیازی سلوک کے خاتمے پر زور دیتی ہے۔ پاکستان میں بچوں کے کیسز، علاج سے محروم افراد اور نئے انفیکشن میں اضافے کے اعداد صحت پالیسی، انفیکشن کنٹرول اور سرکاری نگرانی کے نظام کا جامع جائزہ لینے کی ضرورت اجاگر کرتے ہیں۔
