ملتان (خبر نگار خصوصی) نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن ملتان نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران
منشیات کی ترسیل میں ملوث منظم نیٹ ورک کے دو کارندوں کو گرفتار کرکے 7 کلوگرام آئس اور 12 کلوگرام چرس برآمد کرلی، برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت 14 ملین روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ کارروائی کے دوران نیٹ ورک کا مبینہ سرغنہ محمد امجد چھاپے سے قبل فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن ملتان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ محمد امجد کی سربراہی میں ایک منظم گروہ ڈیرہ غازی خان سے منشیات ملتان منتقل کرکے مختلف علاقوں میں سپلائی کر رہا ہے۔ گروہ کی جانب سے بْچ ولا، سدرن پنجاب یونیورسٹی اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے اطراف منشیات کی ترسیل کا انکشاف بھی ہوا تھا۔ اطلاع کے مطابق منشیات کی بھاری کھیپ ڈیرہ غازی خان سے ملتان منتقل کی جانی تھی ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن ملتان وقار اعظم کی ہدایت پر اسٹیشن انچارج نصرت علی جوہر کی سربراہی میں اسٹرائیک ٹیموں نے مسلسل 72 گھنٹے کی انٹیلیجنس معلومات اور منصوبہ بندی کے بعد ہیڈ محمد والا کے مقام پر ناکہ بندی کی۔ کارروائی کے دوران منشیات لے کر آنے والے دو ملزمان محمد شاہد ولد محمد رفیق اور محمد شکیل ولد غلام سرور کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم محمد شاہد کے قبضے سے 7 کلوگرام آئس جبکہ محمد شکیل سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات پر ٹیموں نے بْچ ولا میں بھی چھاپہ مارا اور مبینہ نیٹ ورک کے سرغنہ محمد امجد کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی، تاہم وہ موقع سے پہلے ہی فرار ہوچکا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گروہ منشیات کی خرید و فروخت اور سپلائی کے علاوہ بیرون ملک آن لائن فراڈ اور ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے مالیاتی دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں بھی مبینہ طور پر ملوث تھا۔حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مفرور سرغنہ محمد امجد اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے گروہ کے دیگر سہولت کاروں اور ممکنہ روابط کا سراغ لگانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن ملتان ڈویڑن وقار اعظم نے کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
منشیات برآمد
